چین کے شہر ہاربن میں سیاحوں کاسیلاب اُمڈآیا،30لاکھ افرادکی آمد

بیجنگ(نیوزڈیسک) اس موسم سرما میں شمال مشرقی چین کا شہر ہاربن سیاحت کے حوالے سے بہت مقبولیت اختیار کر گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آج کل سوشل میڈیا پر آپ کو ہاربن کے بارے میں بہت سی اپ ڈیٹس اور ڈیٹا ملے گا۔ نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران 30 لاکھ سے زائد سیاحوں نے ہاربن کی سیر کی اور سیاحتی شعبے کی کل آمدنی تقریباً چھ ارب یوآن رہی۔ہاربن کی مقبولیت کے کیا وجوہات ہیں؟سب سے پہلے، آئس کنگڈم کی دلکشی ہے. 5 جنوری 2024 کو، 40 ویں چائنا ہاربن انٹرنیشنل آئس اینڈ سنو فیسٹیول کا آغاز ہوا، جو دنیا کے چار بڑے آئس اینڈ سنو فیسٹیول میں سے ایک ہے.سال 1985 میں اس فیسٹیول کا آغاز ہوا جو اب تک جاری ہے، اس میلے کے دوران آئس اینڈ سنو مجسمے اور آئس لالٹینوں کی نمائشیں، آئس پر شادی کی تقاریب، آئس اینڈ سنو سپورٹس جیسی سرگرمیاں منعقد ہوتی ہیں۔ ثقافتی اور فنکارانہ ماحول بھی ہاربن کی دلکشی ہے۔ یہاں چین کا پہلا کنزرویٹری ، پہلا سمفونی آرکیسٹرا اور پہلا میوزک فیسٹیول منعقد ہوا ، اور یہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ایشیا کا واحد میوزک کا شہر ہے۔یہاں گوتھک، بازنطینی اور باروک عمارتیں نظر آتی ہیں جو اس شہر میں مختلف تہذیبوں کے ملاپ کا مظہر ہیں۔دوسری وجہ سیاحوں کو دی جانے والی پرخلوص خدمات ہیں۔ سیاحوں کے لئے ہاربن نے برف پر ایک قالین بچھایا ہے جو انہیں برف پر گرنے سے بچاتا ہے، سیاحوں کو گرم ماحول فراہم کرنے کےلیے ہاربن نے سیاحتی مقام پر وارم اسٹیشن قائم کر رکھے ہیں ۔ ریستورانوں میں جنوبی علاقوں سے آنے والے سیاحوں کی ضروریات کے مطابق گرم پیالے اور دیگر خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔انہی پرخلوص خدمات سے متاثر ہو کر بہت سے سیاح اس شہر کے ترجمان بن جاتے ہیں اورمزید سیاحوں کو راغب کرتے ہیں۔برف کے وسائل نہ صرف سیاحت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مزید صنعتی مواقع بھی لاتے ہیں۔