امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے، نگراں وزیراعظم

نیویارک(نیوزڈیسک) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو نیویارک میں میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مظالم کا شکار ہیں، حکومتوں سے قطع نظر مسئلہ کشمیر کے معاملے میں عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم کررہا ہے اور اب وہ کینیڈا میں بھی کارروائیاں کررہا ہے،بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہمارے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں،نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔