سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کے نیٹ ورک میں لانا حکومت کا مشن ہے،رانا تنویر حسین

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ تعلیم ہمیشہ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے، سکولوں سے باہر تقریباًسوا دو کروڑ بچوں کو تعلیم کے نیٹ ورک میں لانا حکومت کا مشن ہے، وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی متحرک قیادت میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی حکومت کے اِس مشن کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے شیخوپورہ ریجنل کیمپس کے اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رانا تنویر حسین نے شیخوپورہ کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات تفصیل سے بیان کئے، اس کے بعد یونیورسٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شیخو پورہ ریجنل کیمپس کی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد ہم نے گزستہ سال رکھا تھا اور آج اس کے اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم، رانا تنویر حسین نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے شیخوپورہ کیمپس کی تعمیر کا کام تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم نے شیخو پورہ کے طلبہ کے لئے فیس معافی یا رعایت فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔وزیر تعلیم نے نارنگ منڈی میں یونیورسٹی کے امتحانی سینٹر کے قیام کی بھی ہدایت کردی۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ شیخوپورہ کے طلبہ کو فیسوں میں 20لاکھ رروپے سالانہ تک رعایت دیں گے اور 80فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو فیس واپس کریں گے۔ڈاکٹر ناصر نے نارنگ منڈی میں امتحانی سینٹر کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔