4 سال کا قیمتی وقت ضائع نہ کیا جاتا تو دہشت گردی واپس نہ آتی، وزیراعظم

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 سال کا قیمتی وقت ضائع نہ کیا جاتا تو دہشت گردی واپس نہ آتی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اللہ کا شکر ہے سراج الحق محفوظ رہے، ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی، جاں بحق شخص کے اہل خانہ سے ہمدردی و افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد تمام پاکستانیوں کے دشمن ہیں، پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد اور یک جان ہے، 2018ء میں جو دہشت گردی ختم ہوگئی تھی وہ آج پھر پاکستان کو لہو لہو کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی میں اضافہ گزشتہ 4 سال کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ہے جسے قوم بھگت رہی ہے، دہشت گردی کا خاتمہ اولین قومی ایجنڈا اور ترجیح ہے جسے پورا کیا جائے گا۔