پتنگ کی ڈور سے بچہ جاں بحق، مریم نواز کا اظہارِ افسوس

لاہور(نیوزڈیسک)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں پتنگ بازی سے بچے کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سرگودھا میں پتنگ بازی کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو متعلقہ پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں 49 پتنگ باز گرفتار ہوئے اور 48 مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی موت پر 2 ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

مزیدپڑھیں:ٹی ٹی اے کی سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

پولیس نے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازی کےخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک 950 سے زائد پتنگ فروش اور پتنگ باز گرفتار کیے جا چُکے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان سے77 ہزار سے زائد پتنگیں، 13 سو قاتل ڈوریں برآمد کی گئی ہیں، گرفتار ملزمان سے 4 رائفلیں، 23 پسٹل بھی برآمد ہوئیں۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پتنگ بازی پر رواں سال755 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔