بھارتی وزیر مملکت داخلہ کے قافلے پر شدید پتھراؤ، گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا

نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارت کی مغربی ریاست بنگال میں وزیر مملکت برائے داخلہ نیشیت پرمانک کے قافلے پر شدید پتھراؤ کیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیر نے کہا کہ یہ پتھراؤ ترنمول کانگریس کے حامیوں نے کیا ہے۔پولیس نے ہجوم کو قابو کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل فائر کیے، بھارتی وزیر پارٹی دفتر جا رہے تھے جب ان کے قافلے پر ہجوم نے حملہ کیا۔نیشیت پرمانک کے خلاف اشتعال اس لیے ہے کیونکہ ایک قبائلی رہنما بارڈر سیکیورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ۔بارڈر سیکیورٹی فورس وزارت داخلہ کے ماتحت ہے، ترنمول کانگریس کے رہنما ابھیشک بینرجی نے بھی ایک ریلی میں وزیر مملکت کو قبائلی رہنما کی ہلاکت سے پیدا ہونے والے تحفظات دور کرنے کیلئے اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا۔ترنمول کانگریس نے اعلان کیا تھا کہ وہ پرمانک کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے۔