توشہ خانہ کے ہیرے،گھڑیاں چوری نہیں کی تو عدالت جانے سے کیوں گھبراتے ہو، طلال چوہدری

فیصل آباد(اے بی این نیوز)سابق وزیر مملکت و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما محمدطلال چوہدری نے کہا ہے کہ قوم عمران خاں کو لیڈر سمجھتی رہی، مگرآج ایک وارنٹ نے ان کو گیدڑ بنادیا، توشہ خانہ کے ہیرے،گھڑیاں چوری نہیں کی تو عدالت جانے سے کیوں گھبراتے ہو،حکومت اور ریاست نے جس دن گرفتاری کا فیصلہ کیا، ایک لمحے کی تاخیر کیے بغیر گرفتار کرلیا جائے گا، کردار اور کارکردگی سے انقلاب آتا ہے، آپ کے پاس دونوں نہیں ہیں،تمہاری خواہش والا الیکشن پاکستان کی ضرورت پوری نہیں کرسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر اتوار کی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر زمان پارک لاہور گئی تو عمران خان باتھ روم میں چھپ گئے۔ جتنی دیر پولیس باہر کھڑی رہی، خان صاحب نے دروازہ نہیں کھولا، شبلی فراز نے لکھ کر دیا کہ عمران خان زمان پارک میں موجود نہیں ہیں لیکن تھوڑی دیر بعد تمہاری لائیو تقریر بھی آگئی،توشہ خانہ کے ہیرے،گھڑیاں چوری نہیں کی تو عدالت جانے سے کیوں گھبراتے ہو۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس گرفتار کرنے نہیں بلکہ تمہاری بہادری چیک کرنے آئی تھی۔خان صاحب قوم آپ کو لیڈر سمجھتی رہی، مگر آپ تو گیدڑ نکلے۔ پاکستان کے سیاستدان توبہادر تھے آپ نے تو سیاستدانوں کا نام تک بدنام کر دیا، تمہارے گھر میں چوری شدہ سامان پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جیل بھرو تحریک چلاتے ہیں اور خود ہی چھپ جاتے ہیں۔ جب تم کوعدالت بلاتی ہے تو ٹانگ کا عذر پیش کیا جاتا ہے، مگرجب الیکشن کے اعلان ہوتا ہے تو تم کہتے ہو کہ ڈاکٹرز نے انتخابی مہم چلانے کی اجازت دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر لوگوں کی جیل میں رونے کی ویڈیوز دیکھی نہیں جا رہی، جیلوں سے نکلنے کیلئے انہوں نے جن ترلوں منتوں سے کام لیا اور جو گالیاں انہوں نے عمران خان کو دیں ہیں سب سامنے آ جائیں گی۔آنسوؤں سے سیلاب لانے والے کیا انقلاب لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کردار اور کارکردگی سے انقلاب آتا ہے آپ کے پاس دونوں نہیں ہیں۔ ایک گھڑی نے آپکی اوقات دکھائی ہے۔ ریاست مدینہ میں تو چادر تک کا سوال ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ چھٹی والے دن عدالتیں لگانے والا سلوک پاکستان میں ختم ہونا چاہئے۔ نیز عدالتوں سے درخواست ہے کہ یہ بندہ کندھے استعمال کرتا ہے، پاکستان میں جب تک قانون ہر کسی سے ایک جیسا سلوک نہیں کرے گا ریاست نہیں چل سکتی۔انہوں نے کہا کہ یہ انقلاب 25 مئی کو بھی آپ نے لانا تھا۔ لوگوں کو سڑکوں پے لا کرکبھی پشاور کے بنکر اور کبھی بنی گالا میں چھپتے تھے اور حکومت سے تحریری معاہدہ کیا کہ اس سے زیادہ تقریر نہیں کرونگا۔ تم کبھی کسی کا کاندھا مانگتے ہو اور کبھی کسی کا۔انہوں نے کہا کہ آڈیو کال پورے میڈیا پر ہے، سنانا نہیں چاہتا۔زمان پارک سیاسی جماعت کا دفترہے یا کسی اور چیز کا اڈا۔انہوں نے کہا کہ کل تک عمران خان لاہور ہائی کورٹ پر جملے کستے تھے مگر آج وہی عدالت انہیں اچھی لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مقدمے سے محسوس ہورہا ہے کہ ملک میں طاقتور اور عام آدمی کیلئے الگ الگ قوانین ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو اس الیکشن کی ضرورت ہے جو ملک میں بہتری لائے۔ اس الیکشن کی قطعا ضرورت نہیں ہے جو عمران خان کی خواہش کوپورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی ٹانگ کے پلستر اور کبھی پارٹی کے ورکروں کے پیچھے چھپتے ہیں جس کا مقصد صرف اور صرف توشہ خانہ اور دیگر کیسوں سے جان چھڑانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کا احتساب ہونے سے پہلے الیکشن ہوجائے تا کہ لوگوں کو ان کی اصلیت کا پتہ نہ چلے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران خان لاڈلا تھا مگر اب وقت بدل چکا ہے۔ اب اسے اپنے کیے کا حساب دینا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز الیکشن کے لئے متحرک ہوچکی ہیں۔ تاہم الیکشن کا صحیح وقت اور تاریخ الیکشن کمیشن ہی بتا سکتا ہے۔ محترمہ مریم نواز 10مارچ کو فیصل آباد میں بھی پارٹی کے ورکز کے کنونش سے خطاب کریں گی جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور ان کا فیصل آباد آمد پر تاریخی استقبال کیا جائے گا۔