وزیر اعظم محمد شہباز شریف کاترکیہ کے زلزلہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر آدیامان کا دورہ

انقرہ(اے بی این نیوز   )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کوترکیہ کے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر آدیامان کا دورہ کیا۔آدیامان پہنچنے پر وزیراعظم کا وزیر تجارت مہمت موش، وزیر ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر عادل کریس میلو اوغلو،گورنر آدیامان اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے استقبال کیا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ترک پارلیمنٹ میں پاکستان۔ترکی فرینڈشپ گروپ کے چیئرپرسن علی ساہین وزیراعظم کے ہمراہ انقرہ سے آدیامان پہنچے۔وزیراعظم نے موسم سرما کے خیموں کی امدادی کھیپ ترک حکام کے حوالہ کی جو پاکستان سے سی۔130 طیارے کے ذریعے پہنچی۔تقریب کے بعد ترک ڈیزاسٹر ریلیف اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کی جانب سے جاری بچا اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تمام رکاوٹوں پر قابو پانے اور تمام چیلنجوں کو شکست دینے کے روایتی ترک جذبہ کے ساتھ ترک قوم اس قدرتی آفت سے پہلے سے زیادہ مضبوط نکلے گی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستان کو اپنے شانہ بشانہ پائے گا۔بعد ازاں وزیراعظم نے آدیامان شہر کے زلزلہ متاثرہ مختلف حصوں کا دورہ کیا اور پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں سے بات چیت کی جو علاقے میں سرچ اور بچا کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔وزیراعظم نے ان کی لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے زلزلے متاثرین سے بھی بات چیت کی جنہوں نے ترکیہ کے لئے پاکستان کی مضبوط اور پرعزم حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستانی ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جانیں بچانے میں موثر کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔