وفاقی حکومت کا رمضان پیکج سات ارب سے بڑھا کر12ارب روپے کرنے کااعلان

کراچی(نیوزڈیسک) وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رمضان پیکج سات ارب سے بڑھا کر 12 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے یوٹیلٹی اسٹورز کے دورے پر گفتگو کے دوران کہا ہے کہ بھارت سے تجارت کی بات پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، معیشت کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے، اشیا کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ 1200 موبائل یونٹس کے ذریعے عوام کو سستی اشیا فراہم کر رہے ہیں۔

وزیرِخزانہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے بڑے مخیر حضرات کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے رقم دینے پر بات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال گندم کی فصل اچھی ہونے کی امید ہے۔