وفاقی وزیراحدچیمہ دواہم عہدوں پر بھی تعینات،بیوی سمیت لاکھوں ڈالر ماہانہ تنخواہ وصول کرنے لگے

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ کی پی ڈی ایم دورحکومت میں دواہم عہدوں پر تعیناتی کے بعد ان کی نوکری ابھی بھی جاری ہیں اور وہ ان دواہم عہدوں پر رہتے ہوئے ابھی تک لاکھوں ڈالرز تنخواہ بھی حاصل کر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کی بیوی بھی بڑے عہدے پر پانچ لاکھ روپے تنخواہ وصول کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ کی 12 اکتوبر 2022 کو پی ٹی سی ایل/ یو فون بورڈ کانان ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعیناتی ہوئی تھی تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف 18 دسمبر 2023 کو جب ان کو وفاقی مشیر کے عہدے سے ہٹایا گیا تو انہوں نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کے بورڈ کاعہدہ نہیں چھوڑاتھا اور آج تک بھی وہ پی ٹی سی ایل اور یوفون کے بورڈ میں شامل ہیں۔

پی ٹی سی ایل اور یوفون بورڈ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ احد خان چیمہ کمپنی کے آٹھ سے زائد اجلاس میں شرکت کرچکے ہیں اور کمپنی ان کو ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم ادا کرچکی ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ موجودہ وفاقی وزیر بننے سے پہلے ان کو رقم ادا کر دی گئی تھی اور ابھی تک انہوں نے وفاقی وزیر بننے کے بعد بھی پی ٹی سی ایل یو فون کے نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر ممبر کے عہدے سے استعفی نہیں دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کی طرف سے مختلف سفارشات پیش کی جاتی ہیں اس پر بھی احد خان چیمہ بہت سرگرم نظر آتے ہیں۔

کمپنی ذرائع نے بتایا کہ بورڈ میں سات لوگ تعینات ہیں جن کو مقررشرائط وضوابط کے تحت ڈالر میں رقم ادا کی جاتی ہے۔

پی ٹی سی ایل یو فون کو خریدنے والی متحدہ امارات کی سرکاری کمپنی ایتصالات کے ساتھ ساتھ مالی معاملات کے لیے حکومت پاکستان نے احد چیمہ کی بورڈ میں تعیناتی کی تھی۔

اسی طرح دو جون 2023 کو احد خان چیمہ کوپاکستان کے اہم ادارے پاک ارب ریفائنری پارکو میں بھی بطور نان ڈائریکٹر تعینات کردیاگیا۔

اس حوالے سے پارکوذرائع نے بھی بتایا کہ احد خان چیمہ نے پارکوکے مختلف اجلاسوں میں شرکت کی ہے اور ان کو وہاں سے بھی ڈالرز میں ادائیگی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ان کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے قانون اجازت نہیں دیتا تھا کہ وہ ان عہدروں پر تعینات رہتے لیکن حکومت کی خصوصی ہدایت پر ان کا تعینات کردیاگیا۔

دوسری طرف ان کی بیوی صائمہ احد کوبھی ڈیپوٹیشن پر موبائل فون کمپنیوں کے فنڈ سے بننے والی کمپنی یونیورسل فنڈ کے اند سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہیں۔

اس حوالے سے یونیورسل سروسز فنڈ کے پاکستان میں قائم مقام سربرا بلال احمد نے بتایا کہ ایک سال پہلے ان کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی جس پر وہ ابھی تک تعینات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان کو پانچ لاکھ سے زائد کی ادائیگی کی جاتی ہے ،اس حوالے سے رابطہ کرنے پر احد خان چیمہ نے بتایا ہے کہ انہیں جو رقم ملی ہے وہ قانونی طور پر ملی ہے اورقانون کے مطابق بورڈ میں تعینات ہوئے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے ابھی پورا یاد نہیں کہ مجھے کتنی رقم ملی ہے لیکن مجھے جو رقم ملی ہے وہ آئین وقانون کے مطابق اور منظور شدہ پالیسی کے تحت ہے۔

جبکہ پارکو کے بورڈ اف ڈائریکٹرز کے حوالے سے انہوں نے کسی قسم کا جواب نہیں دیا ہے۔

واضح رہے یہ یہ دونوں میاں بیوی افسران اس وقت اسلام آباد میں انتہائی ہم ایک سے زائد عہدوں پر تعینات ہیںاور دو پاکستان کی بڑی کمپنیوں سے ڈالرز میں میٹنگز کے پیسے وصول کرتے ہیں۔