عید الفطر 2024: آج شام شوال کاچاند نظرآنے کا قوی امکان ، محکمہ موسمیات

کراچی (نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے چاند کی پیدائش بارے اپ ڈیٹ جاری کردی۔ شوال کے چاند کی پیدائش کل رات ہوئی تھی اور یہ آج (منگل) کی شام نظر آسکتا ہے، یہ بات پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے تازہ ترین اپ ڈیٹ میں بتائی۔

نئے اسلامی مہینے کے چاند کی پیدائش گزشتہ رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوئی اور آج شام تک اس کی عمر تقریباً 20 گھنٹے ہو گی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شوال کا چاند، جو رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام اور عیدالفطر کے تہواروں کے آغاز کی علامت ہے، غروب آفتاب کے بعد 50 منٹ تک نظر آ سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عید کے بعد پیٹرولیم قیمتوں میں8 روپے لیٹر اضافے کا امکان

پاکستان کے جنوبی علاقوں میں آسمان صاف رہنے کی توقع ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (منگل) کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا اختتام ہو گا۔کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور دی اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن سمیت مختلف اداروں کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے زونل ممبران بھی بحث میں حصہ لیں گے۔