Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی برسلز میں آئی اے ای اے سربراہ سے ملاقات

برسلز(نیوزڈیسک)پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج برسلز میں نیوکلیئر انرجی سمٹ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی رافائیل ماریانو گروسی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کو بڑھانے اور پہلی جوہری توانائی سمٹ کے انعقاد کےلیے آئی اے ای اے کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان ایجنسی کے کام کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جوہری توانائی کی اہمیت اور اپنے ہاں توانائی مکس میں جوہری توانائی کا حصہ بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے ایجنسی کے تکنیکی تعاون کے کام کی اہمیت پر بھی زور دیا جس میں پاکستان بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور بینکوں کو ترقی پذیر ممالک میں جوہری توانائی کے منصوبوں کی زیادہ حمایت کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کر سکیں اور کاربن نیٹ زیرو کے اخراج کے اہداف حاصل کر سکیں۔

انہوں نے آئی اے ای اے پر زور دیا کہ وہ ایک صاف ذریعہ کے طور پر جوہری توانائی کی اہمیت کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنے میں اپنا کردار جاری رکھے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے ایجنسی کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشیا میں پاکستان ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تجربہ اور مہارت کا تبادلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

مزیدپڑھیں:کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے5.5 ارب روپے منظور

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جوہری منصوبوں کی مالی اعانت ایک مسئلہ ہے اور وہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے گزشتہ سال اپنے دورہ پاکستان کو نہایت ستائشی انداز میں یاد کیا جب انہیں پاکستان کی تنصیبات کا دورہ کرنے اور جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے میدان میں پاکستان کی ترقی کا مشاہدہ کرنے کا پہلا تجربہ حاصل ہوا۔