پاکستان میں سیاسی ہنگامہ آرائی معاشی تباہی کا باعث بن سکتی ہے،عالمی بینک کی وارننگ

لاہور(نیوزڈیسک) عالمی بینک نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر یقینی سیاسی صورتحال، سیاسی ہنگامہ آرائی سےپاکستانی معیشت مزید کمزور ہوسکتی ہے ،عالمی بینک رپورٹ کے مطابق الیکشن کے حوالے سے ملک میں غیر یقینی صورتحال، بے چینی اور تشدد سے نجی شعبوں کی افزائش کی رفتارمزید سست ہوسکتا ہے، غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی کمی کا احتمال ہے جس سے معاشی ترقی متاثر ہوسکتی ہے۔واں سال پاکستان اور جنوبی ایشیائی ممالک میں الیکشن کا انعقاد ہوگا، ایسے جنوبی ایشیائی ممالک جن کی مالی پوزیشن کمزور ہے ان میں الیکشن پر اٹھنے والے اخراجات سے مالی کمزوریوں میں اضافہ ہو گا، الیکشن کے بارے میں غیر یقینی صورتحال ختم کرنے سے الیکشن کے بعد ترقی میں بہتری آ سکتی ہے۔عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں سیلاب اور بڑہتی ہوئی سیاسی بے یقینی سے کارکردگی میں 0.2 فی صد کمی ہوئی، روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی میں اضافہ رہا۔گزشتہ سال کے آخر میں روپے کی قیمت میں استحکام آیا جس کی وجہ غیر ملکی کرنسی مارکیٹ میں قوانین پر سختی سے عمل درآمد، رقم کی سپلائی میں کمی، ادائیگیوں کے توازن میں سرپلس رہنا، درآمدات میں کمی اور چینی قرض کی ادائیگیوں کا مؤخر ہونا ہے۔عالمی بینک کا کہنا ہے کہ معاشی آؤٹ لُک دباؤ میں رہی، معاشی ترقی کی شرح 1.7 فی صد رہنے کی توقع ہے، مہنگائی میں کمی کیلئے مانیٹری اور فسکل پالیسی سخت رہے گی جس سے ادائیگیوں میں اضافہ ہو گا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان، نیپال اور افغانستان جیسے ممالک میں سکیورٹی خطرات کی وجہ سے معیشت کو زیادہ خطرات ہیں۔