یہ ہو تے ہیں اصول ۔۔۔۔جاپان کے وزیر اعظم نے سرکاری رہائشگاہ پر پارٹی کرنے پر اپنے بیٹے کو معزول کر دیا

ٹوکیو ( اے بی این نیوز   )جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے اپنے سیکریٹری اور سب سے بڑے بیٹے شوتارو کیشیدا کو سرکاری رہائش گاہ پر تفریحی پارٹی دینے پر عہدے سے معزول کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شوتارو کی وزارت عظمیٰ ریذیڈینسی میں دی گئی تفریحی پارٹی سے متعلق جاپانی میڈیا میں کچھ خبریں شائع ہوئی تھیں جن میں شوتارو کی اپنے عزیزوں اور غیر ملکی مہمانوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں تصاویر چھپی تھیں جب کہ ایک تصویر میں ایک مہمان قالین پر لیٹ کر پوز دیتے ہوئے بھی پائے گئے تھے۔پارٹی سے متعلق جاری کردہ بیان میں جاپان کے وزیر اعظم فومیو نے کہا ہے کہ انہوں نے قبل ازیں اپنے سیکریٹری اور بیٹے کو اس معاملے کے بارے میں آگاہ کردیا تھا اور پھر اس حوالے سے فیصلہ بھی کرلیا گیا۔بیان میں فومیو نے کہا ’کہ سیکریٹری کے عہدے کے لحاظ سے میرے بیٹے کا وہ رویہ غیر موزوں تھا‘۔انہوں نےاپنے بیٹے کو سیکریٹری کے عہدے پر متعین کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ شوتارو کو یکم جون سے سرکاری عہدے سے معزول کر دیا گیا ہے۔جاپان کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل ’این ایچ کے‘ کی خبر کے مطابق نئی ٹرم میں مذکورہ عہدے پر شوتارو سے قبل فرائض سرانجام دینے والے یاماموتو تاکایوشی کو تعینات کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ فومیو نے اکتوبر 2021 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا اور فرائض منصبی کا پہلا سال مکمل ہونے پر اپنے 31 سالہ بیٹے شوتارو کو انتظامی سیکریٹری متعین کیا تھا۔