یوروپول نے 38 ملین یورو کے فراڈ میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا

برسلز(نیوزڈیسک)یوروپول نے 38 ملین یورو کے سی ای او فراڈ کے پیچھے موجود اسرائیل اور فرانس سے تعلق رکھنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات یوروپول کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں بتائی گئی۔ان افراد نے پہلے سے موجود منی لانڈرنگ اسکیم کے ذریعے مجرمانہ کارروائیاں کیں جس میں یورپین یونین کے ممالک، چین اور اسرائیل میں متعدد بینک اکاؤنٹ شامل تھے۔اعلامیے کے مطابق یوروپول کے تعاون سے مشترکہ تحقیقات کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سی ای او فراڈ میں ملوث ایک فرانکو، اسرائیلی مجرمانہ نیٹ ورک کو ختم کیا گیا ہے۔اس گروہ نے فرانس میں موجود مختلف کمپنیوں کو نشانہ بنایا اور ان کے مالکان کے جعلی پیغامات کے ذریعے ان کے اکاؤنٹنٹ کو مختلف اکاؤنٹس میں رقوم بھیجنے کا کہا۔ اس فراڈ کی مجموعی مالیت 38 ملین یورو بنتی ہے۔فرانس کی سربراہی میں ہونے والے اس آپریشن میں کروشین نیشنل پولیس، کروشین اینٹی منی لانڈرنگ آفس، فرانسیسی نیشنل پولیس، فرانسیسی جندر میری پولیس اور ہنگری کی فوج شامل تھی۔اس 5 روزہ کارروائی کے دوران بڈاپیسٹ میٹروپولیٹن پولیس، اسرائیل کی پولیس، پرتگالی جوڈیشل پولیس اور ہسپانوی نیشنل پولیس نے آپریشنل سرگرمیوں کے ذریعے جنوری 2022 سے جنوری 2023 کے درمیان فرانس اور اسرائیل میں ہونے والے ان واقعات کی تحقیقات کیں۔یورپین یونین کی پولیس ایجنسی کے مطابق اس کارروائی کے دوران اس مجرم گروہ کے اسرائیل سے تعلق رکھنے والے سربراہ کی گرفتاری کے علاوہ 8 گھروں پر چھاپے مار کر 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔اس دوران الیکٹرانک ایکوئپمنٹ اور گاڑیوں کے علاوہ پرتگال کے ایک بینک سے 3 ملین یورو، ہنگری کے ایک بینک سے 1.1 ملین، کروشیا کے ایک بینک سے 6 لاکھ، اسپین کے بینک سے 4 لاکھ اور ورچوئل کرنسی میں موجود ساڑھے تین لاکھ یورو قبضے میں لیے گئے۔گرفتار ہونے والے 2 اسرائیلی اور 6 فرانسیسی نیشنلز پر مشتمل یہ گروہ ان رقوم کو مختلف ممالک کے اکاؤنٹس میں گھما کر اسے نکال لیتا تھا۔یوروپول کے مطابق ان چھاپوں کے نتیجے میں اب تک 5.5 ملین یورو کی ریکوری ہوگئی ہے۔