وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑسے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(  اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑسے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔منگل کو وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ یہ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں، ترکیہ پاکستان کے تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطے بے مثال ہیں۔ وفاقی وزیر قانون اور ترکیہ کے سفیر کے درمیان عالمی سطح پر مہنگائی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت پاکستان اس وقت اپنے نوجوانوں پر توجہ دے رہی ہے، نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جسے ملک کی بہتری کے لئے استعمال کیا جائے۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔