شب برات انسان کو اللہ تعالٰی کے قریب ہونے اور اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، اسپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(اے بی این نیوز    ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ شب برات انسان کو اپنے رب کے قریب ہونے اور اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رات لوگ اللہ تعالٰی کی عبادت کے ذریعے اپنے رب کا قرب حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس رات اللہ تعالٰی سے ملک کو درپیش بحرانوں سے نمٹنے کی دعا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب برات کے موقع پر پر اپنے جاری پیغام میں کیا جو آج رات پورے ملک میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شب برات ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ انسان کو ہمیشہ توحید پر قائم رہ کر اپنے رب سے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی اپنے بندوں سے 70 ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہے اور انہیں اپنے گناہوں سے توبہ استغفار کرنے کا پورہ موقع فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ شب برات وہ رات ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ سے قرب حاصل کرنے کا حسین موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کو اپنا کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے ملک کو درپیش چیلینجز سے با حفاظت نکلنے کی خصوصی دعاؤں کی اپیل کی