حکومت مخالف مظاہرہ، اسرائیلی خاتون اوّل بیوٹی پارلر میں محصور

تل ابیب (نیوزڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اہلیہ بیوٹی پارلر پہنچیں تو حکومت مخالف احتجاجی مظاہرین نے پارلر کا محاصرہ کرلیا۔سارہ نیتن یاہو کو پولیس نے پارلر سے بحفاظت باہر نکال کر گھر روانہ کیا۔مقامی میڈیا کے مطابق احتجاجی مظاہرین بیوٹی پارلر کے سامنے جمع ہوئے، انہوں نے بڑا قومی پرچم لہرانے کے ساتھ حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔معاملہ اس قدر بگڑ گیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعظم یائر لاپد نے مظاہرین سے کہا کہ وزیراعظم کی اہلیہ کو پارلر سے واپس جانے دیا جائے۔اسرائیل کے ٹی وی چینلز نے سخت حفاظتی حصار میں سارہ نیتن یاہو کے پارلر سے انخلا کے عمل کو براہ راست نشر کیا۔وزیراعظم نیتن یاہو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کی، انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ آپ بخیریت گھر واپس آگئیں۔ان کا کہنا تھا کہ انارکی رکنی چاہیے، اس سے انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔