ایف بی آر کی ایک بار پھر قابل ستائش کارکردگی۔ فروری 2023 کے بجٹ اہداف کو کامیابی سے حاصل کر لیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز    ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود فروری 2023 کے دوران ایک بار پھر ریونیو اکٹھا کرنے کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ عبوری اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر نے فروری 2023 میں 527 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 527.3 ارب روپے اکٹھے کئے ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.3 فیصد زیادہ ہے۔
مجموعی طور پر ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 4,493 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے جو کہ پچھلے سال کی نسبت 18 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3,820 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے۔ ایف بی آر رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں بھی شاندار کارکردگی جاری رکھے ہوئے ہے اور اقتصادی چیلنجز کے باوجود ٹیم ایف بی آر 7,641 ارب روپے کا سالانہ ریونیو ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں براہ راست ٹیکسسز کی وصولی میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ حکومت کا ٹیکس کا بوجھ معاشرے کے امیر طبقات پر منتقل کرنے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ مزید براں ایف بی آر کے انتظامی اقدامات کی بدولت بھی براہ راست ٹیکسسز میں اضافہ ہوا ہے۔ موجودہ مالی سال کے دوران ڈومیسٹک ٹیکسسز کا حصہ 49.4 فیصد سے بڑھ کر 58.7 فیصد ہو گیا ہے جو درآمدی ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں پر انحصار کو کم کرنے کی پالیسیوں کی کامیابی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہ بات قابل قدر ہے کہ فروری 2023 کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی میں پچھلے سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں ایف بی آر نے برآمد کنندگان کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 235 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کی? ہیں جو کہ پچھلے سال کی نسبت 19 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 198 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے تھے۔
ایف بی آر ان تمام ٹیکس دہندگان کو سراہتا ہے جنہوں نے واجب ٹیکس کی ادائیگی کا اپنا قومی فریضہ پورا کیا۔ ایف بی آر فیلڈ فارمیشنز اور افسران کی انتھک کوششوں کو بھی سراہتا ہے جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود ریونیو اکٹھا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ محصولات کی وصولی میں اضافہ بالخصوص براہ راست ٹیکسسز میں اضافہ حکومت اور ایف بی آر کی پاکستان کو ایک خود انحصار، ترقی یافتہ اور خوشحال قوم بنانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔