اسلام آباد ہائیکورٹ ، روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیپیٹل نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت میں کمی کیخلاف رٹ دائر کررکھی تھی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نےاسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

یاد رہے کہ قبل ازیں پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد آئی سی ٹی انتظامیہ نے بھی ایسا ہی نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔اسلام آباد انتظامیہ کے نوٹیفکیشن میں روٹی اور نان کی قیمت بالترتیب 16 روپے اور 20 روپے مقرر کی گئی تھی ،

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔ضلعی انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ قانون میں ترمیم کرکے ڈی سی اوز کو قیمت مقرر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔نان بائی کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قیمتیں مہنگی ہوچکی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سوال کیا کہ نان بائی سے آٹے کی قیمت پرمشاورت کی گئی یاعوام کو خوش کرنے کیلئے ایسا کیا گیا؟عدالت نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کا ضلعی انتظامیہ کا نوٹیفکیشن 6 مئی کو آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔