الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، وفاقی مشیر امور کشمیر قمرزمان کائرہ، فیصل ممتاز راٹھور کو شوکاز نوٹس جاری

باغ (نیوزڈیسک) آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ اور آزاد کشمیر کے وزیر فیصل راٹھور کو شوکاز نوٹس کرتے ہوئے 23مئی کو طلب کر لیا۔ وفاقی مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ اور آزاد کشمیر کےوزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور کو پیپلز پارٹی کے امیدوار حلقہ وسطی باغ ضیاالقمر کی الیکشن مہم میں سرکاری حیثیت میں الیکشن مہم چلانے اور الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری ہوئے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر باغ نے دونوں کو 23 مئی ساڑھے گیارہ بجے اصالتا طلب کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ترقیاتی منصوبہ جات کے اعلانات اور فلیگ والی گاڑی کا استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، اس حلقے سے مسلم کانفرنس کی طرف سے نامزد امیدوار راجہ ذولفقار ایڈووکیٹ کی طرف سے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت کی گئی تھی جس پر نوٹس لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وسطی باغ ایل اے پندرہ کی نشست سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی ہائی کورٹ سے متنازعہ فیصلے کے نتیجے میں ہونے والی نا اہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ وسطی باغ ایل اے پندرہ میں 8 جون کو الیکشن ہوناہے۔