اسلام آباد(نیوزڈیسک)کل سے ملک بھر میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں کے لیے شدید موسم کی وارننگ جاری کر دی ۔ جنوب مغربی بلوچستان میں 50-100 ملی میٹر کی شدید بارش متوقع ہے، جس کے نتیجے میں ممکنہ سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ پنجگور، دالبندین اور خضدار کے علاقوں میں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کاامکان ہے۔اس دوران کوئٹہ میں تیز ہواؤں اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ پی ایم ڈی نے کراچی اور گردونواح میں 4 فروری تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے جبکہ میٹروپولیٹن سٹی میں 3 اور 4 فروری دونوں کو شدید بارشیں ہوں گی۔پی ایم ڈی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا (کے پی کے) اور گلگت بلتستان میں شدید برفباری کے ساتھ ساتھ مخصوص اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔بالائی پنجاب اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مزید برآں، اٹک، راولپنڈی، اور اسلام آباد جیسے علاقوں میں ہلکی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔اسی طرح آزاد کشمیر میں کوٹلی، مظفرآباد اور میرپور کے علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ پیشین گوئی کے مطابق راولاکوٹ میں پہلی برف باری متوقع ہے۔













