اسلام آباد(اے بی این نیوز) رواں سال مون سون بارشوں کے باعث سیلاب اور مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 645 ہوگئی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں سیلاب،لینڈ سلائیڈنگ سے نقصانات کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 151 لوگ جاں بحق ہوگئے۔ سب سے زیادہ 144 افراد خیبرپختونخوا میں جاں بحق ہوئے ، جاں بحق افراد میں 124مرد،16 خواتین اور11 بچے شامل ہیں۔
سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 137 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں 107 مرد،20 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 16 اگست تک جاں بحق افراد کی تعداد 645 ہوگئی۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں وسیلابی ریلوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 314 ہوگئی جبکہ 156 افراد زخمی ہیں۔صوبے میں بارشوں سے 159گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 97 کوجزوی جبکہ 62 مکمل منہدم ہوگئے۔
حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام میں پیش آئے، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ضلع بونیر ہے، بونیر میں 209 افراد جاں بحق ہوئے۔
مزید پڑھیں: ذیابیطس کے مریضوں کیلئے خوشخبری،برطانیہ میں کامیاب دوا تیار