اہم خبریں

مسلم کانفرنس کا اہم اجلاس، آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری اور انٹرنیٹ بحالی کا مطالبہ

مسلم کانفرنس کا اہم اجلاس، آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری اور انٹرنیٹ بحالی کا مطالبہ

مظفرآباد (اے بی این نیوز) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی جنرل کونسل اور مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں قرارداد الحاق پاکستان، آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری، حالیہ صورتحال، پونچھ میں جاری دھرنے اور انتخابات سمیت مختلف امور پر اہم قراردادیں منظور کی گئیں۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق مسلم کانفرنس نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر منظور کی گئی قرارداد الحاق پاکستان کو ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ اسلامی، تاریخی، نظریاتی، جغرافیائی اور سیاسی تعلق کی بنیاد قرار دیا۔

اعلامیے میں 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری، ریاستی تشخص، سیاسی وقار اور عوام کے بنیادی جمہوری حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مسلم کانفرنس نے کہا کہ آزاد کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہے اور اس کی حیثیت میں کوئی تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی۔ اجلاس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور معاہدہ کراچی کی روح کے مطابق آزاد کشمیر کے دفاع اور امن و امان کے قیام کی ذمہ داری پوری کرنے پر بھی زور دیا۔

اعلامیے میں آزاد کشمیر میں شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ مسلح افواج پاکستان کے جوانوں کی آزاد کشمیر کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مسلم کانفرنس نے پونچھ میں اشیائے خورونوش اور ادویات کی فراہمی میں جاری تعطل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس نے انٹرنیٹ کی فوری بحالی پر بھی زور دیا اور کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے آزاد کشمیر میں قیاس آرائیوں، غیر یقینی اور ہیجان میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اعلامیے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سماجی رابطوں کے ذرائع پر نشر ہونے والی گمراہ کن اور اشتعال انگیز معلومات کی تصدیق کیے بغیر یقین نہ کریں۔

مسلم کانفرنس نے پونچھ دھرنے کے سیاسی اور مذاکراتی حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے آپریشن یا انسانی جانوں کے ضیاع کی مخالفت کی۔
مسلم کانفرنس کا اہم اجلاس، آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری اور انٹرنیٹ بحالی کا مطالبہ
اجلاس میں آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مسلم کانفرنس کو ایک منظم سازش کے تحت آزاد کشمیر اسمبلی سے باہر رکھنے کی مذمت کی جاتی ہے۔

مسلم کانفرنس نے انتخابات کے دوران وفاقی وزراء کے بیانات کو بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے آزاد کشمیر میں بے چینی اور اضطراب میں اضافہ ہوا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس نے مرحلہ وار انتخابات اور ان کے مرحلہ وار نتائج کو عالمی طور پر مسلمہ جمہوری عمل کے منافی قرار دیا اور حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ پونچھ کے عوام کو بلا تاخیر جمہوری اور انتخابی عمل میں شریک کیا جائے۔
مزیدپڑھیں‌:شہباز گل کا نیا روپ سامنے آگیا، ایمی ورک کے ساتھ گانے میں انٹری

متعلقہ خبریں