اہم خبریں

جماعت اسلامی کا راولپنڈی دھرنا، 20 ستمبر کو مری روڈ پر مارچ کا اعلان

جماعت اسلامی کا راولپنڈی دھرنا، 20 ستمبر کو مری روڈ پر مارچ کا اعلان

راولپنڈی (اے بی این نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رضا احمد شاہ نے کہا ہے کہ بجلی اور پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرکے عوام کو جینے کا حق دیا جائے، غریب عوام کو لیوی ٹیکس کے نام پر لوٹا جا رہا ہے۔

راولپنڈی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رضا احمد شاہ نے کہا کہ نیپرا کے چیئرمین نے اپنی تنخواہ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دی، لیکن کسی نے اس پر سوال نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ بجلی کا بل 3 ہزار روپے آتا ہے، جبکہ 201 یونٹ استعمال کرنے والے صارف کو 9 ہزار 500 روپے ادا کرنا پڑتے ہیں۔ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔

رضا احمد شاہ کا کہنا تھا کہ بائیکیا چلانے والا شخص ایک ماہ میں 15 ہزار روپے لیوی ادا کرتا ہے، لیکن رات کو اس کے گھر میں کھانے کے لیے راشن نہیں ہوتا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت لیوی اور ٹیکس کے ذریعے اربوں روپے کا ڈاکا مار رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گزشتہ سال بھی اسی مقام پر جماعت اسلامی نے آزاد بجلی پیدا کرنے والے نجی بجلی گھروں کے خلاف دھرنا دیا تھا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن 20 ستمبر کو راولپنڈی مری روڈ سے ہانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ اگر لیوی اور بھتہ نما ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو 20 ستمبر کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں‌:مسلم کانفرنس کا اہم اجلاس، آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری اور انٹرنیٹ بحالی کا مطالبہ

متعلقہ خبریں