اہم خبریں

گاڑی مالکان ہوشیار، حکومت نے اہم معاملے پر ڈیڈ لائن جاری کر دی

گاڑی مالکان ہوشیار، حکومت نے اہم معاملے پر ڈیڈ لائن جاری کر دی

لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب میں دھواں دینے والی نجی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت گاڑی مالکان کو 15 اکتوبر 2026ء تک مہلت دے دی گئی۔

پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری حسن احسن نے اعلان کیا ہے کہ 15 اکتوبر سے دھواں دینے والی تمام نجی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

اسموگ کی صورتحال اور پیشگی اقدامات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ محکمہ، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔

حسن احسن کے مطابق گزشتہ سال کیے گئے اقدامات کے باعث اسموگ کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی تھی، جبکہ رواں سال بھی اس حوالے سے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تجارتی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ محکمہ ایکسائز میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے گاڑیوں کو خصوصی اسٹیکرز بھی جاری کیے جائیں گے، جن کی مدتِ میعاد ایک سال ہوگی۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ زیادہ دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹریفک پولیس بھی نفاذِ قانون کی کارروائیوں میں فیلڈ میں موجود رہے گی۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، حکومتی نااہلی بھی اس کی بڑی وجہ ہے، شاہد آفریدی

متعلقہ خبریں