اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان میں آج بروز ہفتہ 5 ستمبر 2026 موسم مجموعی طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج بھی بارش اور گرج چمک کے امکانات برقرار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 ستمبر کو جڑواں شہروں سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بعض مقامات پر بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہریوں اور مسافروں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
ملک کے میدانی اور جنوبی علاقوں میں موسم نسبتاً گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
سیلابی صورتحال
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی 5 ستمبر کی رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اہم احتیاط: بارش کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں احتیاط کریں اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو مدنظر رکھیں۔
مزیدپڑھیں: پاکستان میں آج 5 ستمبر موسم کی تازہ ترین صورتحال، کئی علاقوں میں بارش متوقع















