امریکی صدر کی معاون خصوصی ایڈمرل ایلین لاوباچرکا وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان

اسلام آباد (  اے بی این نیوز  )امریکی صدر کی معاون خصوصی اور نیشنل سیکیورٹی کونسل میں جنوبی ایشیا کے لئے سینئر ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل ایلین لاوباچر کی قیادت میں اعلی سطحی وفد نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وفد میں امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ دفاع اور وائٹ ہائوس کے ارکان شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وفد نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط اور وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دونوں اطراف کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایلین لاوباچر نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔