پشاور(نیوزڈیسک) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ پشاور میں ایک دن کے وقفے کے بعد سے ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہری خوشی سے باہر نکل آئے اور ابر باراں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔بارش سے موسم میں خنکی بھی آگئی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جب کہ سیاہ بادل چھا گئے اور موسم سہانا ہوگیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پشاور کے ساتھ ساتھ صوبے کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم جزوی ابر الود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال بالائی و زریں ،دیر ،ملاکنڈ ، سوات ،بونیر ، شانگلہ کوہستان ، ایبٹ آباد کہیں تیز ہواؤں اور کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسی طرح اورکزئی ، کرم ، کرک ، ہنگو ،لکی ، شمالی و جنوبی وزیرستان ، ڈیرہ ، ٹانک میں بھی گرچ چمک کے ساتھ و تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔















