پشاور (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے عوام کو بے بنیاد پروپیگنڈے سے خبردار کردیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان نے کہا ہے کہ جعلی خبریں اور جعلی نوٹیفکیشن پھیلانا بعض عناصر کا وتیرہ بن چکا ہے۔ تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کے حوالے سے بھی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تاہم ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
شفیع جان نے واضح کیا کہ کسی بھی صوبے کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوتی ہے، محض ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے خیبرپختونخوا کے کسی علاقے کی حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کو جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کا تحفظ آئینی اور جمہوری ذمہ داری ہے۔ عوام کے مینڈیٹ اور صوبے کی جغرافیائی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے مزید کہا کہ جس شخص یا عناصر نے جعلی نوٹیفکیشن یا من گھڑت خبر پھیلائی ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شفیع جان کے مطابق تحصیل غازی خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور کسی جعلی نوٹیفکیشن کے ذریعے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی نوٹیفکیشن اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور کسی بھی خبر کو آگے پھیلانے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔
مزید پڑھیں:دورہ انگلینڈ، راشد لطیف کا کپتان بابر اعظم سے متعلق اہم مشورہ















