اسلام آباد (نیوزڈیسک)بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کے چار اہلکاروں کی شہادت کے بعد ایران نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے خلاف ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ایرانی سفارتخانے کی طرف سے مزید بتایا گیا کہ چار سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرنے کے ساتھ ان کے لیے دُعا گو ہیں۔ٹویٹ میں مزید بتایا گیا کہ دہشت گردی پاکستان اور ایران کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اب وباء کے خلاف جنگ میں دو مسلم ممالک نے قیمتی جانوں کا نذرانہ دیا ہے، بلاشبہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے سے دہشت گرد گروہوں کو اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے سے روکا جا سکے گا۔















