اہم خبریں

پاکستان تحریک انصاف چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دیگی، شاہ محمود قریشی

لاہور( اے بی این نیوز   ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر”اسٹینڈنگ ود چیف جسٹس” نمبر ون ٹرینڈ چل رہا ہے، چیف جسٹس کے ساتھ لوگ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دے گی۔ حکومت آئین پر حملہ آور ہے، آئین پر عمل نہ کیا گیا تو ملک کو بہت نقصان ہوگا، پی ٹی آئی چیف جسٹس اور عدلیہ کا ساتھ دے گی، دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر آئین سے ماورا کام کیا، حکومت کے پاس لیپ ٹاپ، اپنے ایم این ایز کے لیے پیسے ہیں، حکومت کے پاس الیکشن کے لیے 20 ارب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کل نوازشریف نے پریس کانفرنس میں عدالتی فیصلہ قبول نہ کرنے کی دھمکی دی، نوازشریف نے آئین شکنی کی، موجودہ صورتحال میں ہم نے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی نے 1973 کے آئین کی بنیاد رکھی تھی، توقع کی جارہی تھی کہ پیپلز پارٹی آئین کا ساتھ دے گی لیکن مصلحتاً خاموش ہے، آصف زرداری ملک سے باہر اور بلاول خاموش ہے، پیپلز پارٹی میں جن کا ضمیر جاگ رہا ہے ان کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ آوازیں بلند کر رہے ہیں، رضا ربانی آج کیوں خاموش ہے؟اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس نے کہا کہ جو لوگ آئین کو بلڈوز کرتے ہیں وہ حقیقت میں ملک کو جنگل بنانا چاہتے ہیں، تمام طبقات کی ذمہ داری ہے یہ سیاست نہیں پاکستان بچانے کا وقت ہے، ملک کو آئین شکنوں سے بچانا ہو گا، اصل مسئلہ دو صوبوں کے اندر آئین کے مطابق 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، آئین پرعمل نہ کرنے کے لیے حیلے بہانے بنائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں