اہم خبریں

انتخابات سے متعلق کیس میں فل کورٹ بنایا جائے، حکومتی جماعتوں کا متفقہ مطالبہ

اسلام آباد (نیوزڈیسک)حکومتی اتحاد نے انتخابات تاخیر کیس میں فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کردیا، ساتھ ہی کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو باقاعدہ فریق بنایا جائے۔وزيراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس جاری ہے، جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماء ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔وزیراعظم کی زیر صدارتی حکومتی اتحاد کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وآئینی صورتحال، سپریم کورٹ میں زیر سماعت پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات تاخیر کیس سمیت دیگر امور پر مشاورت جاری ہے۔وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے شرکاء کو قانونی معاملات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پرغور کے علاوہ مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں تمام اتحادیوں نے سپریم کورٹ میں جاری صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر کے کیس میں فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کردیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کیس میں تمام سیاسی جماعتوں کو بھی باقاعدہ فریق بنایا جائے۔اجلاس میں محاذ آرائی سے بچنے کیلئے مذاکرات کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے وزیراعظم کو مشاورت کیلئے ٹاسک دے دیا تاہم واضح کردیا کہ تحریک انصاف کے کسی بھی غیر آئینی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مؤقف ہے کہ صوبائی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں زیرسماعت کیس فل کورٹ سنے۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس اپنا گھر اکھٹا کریں اور پھر سماعت شروع کی جائے۔ اگر اقلیتی فیصلوں کا نفاذ کیا جائے گا تو بحران مزید سنگین ہوگا۔

متعلقہ خبریں