اہم خبریں

بغیر فٹنس سر ٹیفکیٹ کے کسی گاڑی کو شاہراہ پر نہیں آنے دیا جائے گا،حکومت پنجاب

لاہور( اے بی این نیوز   ) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمودکا اہم قدم۔لاہور میں وفاقی وزیر مواصلات نے وزیر اعلی ہاوس میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے اہم ملاقات کی،جس میں موٹرویز سے متصل سروس اور ریسٹ ایریاز میں اشیاءخورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت سے این ایچ اے کے متعلقہ افسران کو مجسٹریسی اختیارات تفویض کرنے کافیصلہ کیا گیا،تاکہ موٹرویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو سرکاری نرخ نامہ کے مطابق اشیاءضروریہ مہیا کی جا سکیں۔ اپنی اس خصوصی ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت و دیگر اہم امور پروزیر اعلی سے تفصیلی گفتگو کی۔اس موقع پر سیکرٹری مواصلات کیپٹن(ر) محمد خرم آغا،چیف سیکرٹری پنجاب،چیئرمین پی اینڈ ڈی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم،ممبر فنانس این ایچ اے محمد طیب اور ڈائریکٹر ٹو منسٹر مذمل تنویر سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میں موٹرویز پر اشیاءخورونوش کے ناجائز منافع کو روکنے کیلئے این ایچ اے کے متعلقہ افسران کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے محدود اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں ہائی ویز اور موٹرویز پر مال بردار گاڑیوں کیلئے ایکسل لوڈ کنٹرول کیلئے بھی ضروری اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا۔وزیر اعلی پنجاب نے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کوفوری احکامات صادر کئے کہ سڑکوں پرایکسل لوڈ کنٹرول کے قانون کی عمل داری کو سختی سے یقینی بنایا جائے جبکہ جی روڈ کے اطراف میں تجاوزات ہٹانے کیلئے بھی مربوط آپریشن کرنے کی تجویز پر غور کیا گیااورکہا گیا کہ صوبائی حکومت تجاوزات ہٹانے کیلئے جلد ایک مربوط اور جامع آپریشن شروع کرے گی۔ اس موقع پروفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراءکے عمل کو بہتر اور تیز تر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا،جس پر پنجاب حکومت قومی شاہراہوں پر بغیر فٹنس سر ٹیفکیٹ کے کسی گاڑی کو شاہراہوں پر نہیں آنے دے گی۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ ملک بھر میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو کوئی بھی مشکل درپیش نہ آئے،ان کا سفر سہل اورآرام دہ ہو،جس کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ اہم معاملات کو بطریق احسن نمٹایا جارہاہے تاکہ حادثات میں ریکارڈ کمی آسکے۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے وفاقی وزیر مواصلات کو یقین دلایا کہ مظفر گڑھ۔میانوالی ایم ایم روڈ کی تعمیرمیں پنجاب حکومت وفاق سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔وزیر اعلی نے ملک بھر میں قائم روڈ نیٹ ورک کی بہتری اور شاہراہوں کی معیاری تعمیر کے حوالہ سے وزارت مواصلات اور بالخصوص نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے بھی عوامی مسائل کے حل میں حکومت پنجاب کے موثر کردار کی تعریف کی۔

متعلقہ خبریں