شہریوں کیلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کیلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفائت شعاری اور بچت کے لئے نادرا اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن آف پاسپورٹ دفتر اور وسائل شیئر کریں تاکہ قومی خزانے پر کم بوجھ پڑے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، چیئرمین نادرا ، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے لئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں ، نادرا کے مراکز میں پاسپورٹ دفتر کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں اور کفایت شعاری اور بچت کو مدنظر رکھتے ہوئے نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس دفتر کی جگہ اور وسائل شئیر کریں تاکہ قومی خزانے پر کم بوجھ پڑے ۔ وزیراعظم نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی سروس ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لیے موبائل نادرا وینز کی تعداد فوری بڑھانے کے احکامات بھی دیئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایاگیا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید کی سہولت کے لیے نادرا نئی موبائل فون ایپلیکیشن شروع کر رہا ہے۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ عام شہریوں کو انکے گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ہر شہری کو اس حوالے سے یکساں سہولیات میسر ہوں۔وزیراعظم نے احکامات دئیے کہ پاسپورٹ دفاتر کے قیام کےجتنے بھی منصوبے منظور ہو چکے ہیں وہ نادرا کے پہلے سے موجود دفاتر میں قائم ہوں۔اجلاس کو یں بتایا گیا کہ صارفین کی سہولت کے لئے نادرا ایک نئی موبائل فون ایپلیکیشن شروع کرنے جا رہا ہے جس کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید ہو سکے گی۔