پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے متعلق پنجاب کی نگراں حکومت کا بڑا فیصلہ

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ کے روز سے لاہور سے اپنی جیل بھرو تحریک کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے پنجاب کی نگراں حکومت کا مشاورتی اجلاس ہوا ہے، جس میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے معاملات اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کی سربراہی نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کی جب کہ اس میں صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولیس کو ہدایت کی گئی کہ امن و امان کی صورت حال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، رضاکارانہ گرفتاری دینے والوں کو کسی صورت گرفتار نہ کیا جائے، پی ٹی آئی کے کارکن اور رہنما قانون کے خلاف گئے تو گرفتاری عمل میں لائی جائے۔پنجاب حکومت نے میانوالی اور ڈی جی خان کے جیل حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔دوسری جانب زمان پارک لاہور میں عمران خان نے جیل بھرو تحریک سے متعلق ویڈیو لنک پر اجلاس کی سربراہی کی، اس موقع پر پارٹی قیادت کو رضاکارانہ گرفتاریاں دینے والوں کی فہرست سے آگاہ کیا گیا، عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے لئے پارٹی قیادت کو ہدایات جاری کیں۔