وفاقی حکومت نے الیونتھ ایونیو ہائی وے کا نام بدل کر ایران ایونیو رکھ دیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی حکومت نے دارالحکومت کی ایک بڑی نئی شاہراہ کا نام برادر ہمسایہ ملک ایران کے نام پر رکھنے کے فیصلے کی منظوری دیدی۔یہ پیشرفت ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے سرکاری دورے سے پہلے کی گئی ۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آج تین روزہ سرکاری دورےپر اسلام آباد پہنچ گئے جو نئی حکومت کے قیام کے بعد اسلام آباد کا دورہ کرنے والے کسی غیر ملکی ملک کے پہلے سربراہ ہیں۔
مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کا کراچی ائیرپورٹ سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم
رپورٹس میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ نےسی ڈی اے کی جانب سے الیونتھ ایونیو کا نام بدل کر ایران ایونیو رکھنے کی سمری کی منظوری دیدی ۔فیز I کے تحت نئی شاہراہ سیکٹر D-12 سے E-11 تک تعمیر کی گئی ہے۔ اسے دوسرے مرحلے میں آئی جے پرنسپل روڈ سے جوڑا جائے گا۔ ایرانی صدر کے ساتھ ان کی شریک حیات اور وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا

،ایرانی صدرابراہیم رئیسی وزیر اعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق سے ملاقات کریں گے۔ایرانی صدرلاہور اور کراچی بھی جائیں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔دونوں فریقوں کے پاس پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، رابطے، توانائی، زراعت، اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔

وہ علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے۔پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخ، ثقافت اور مذہب میں مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ یہ دورہ پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔