نئے آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر کا منگل کو چارج سنبھالنے کا امکان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اکبر ناصر خان کو 29 مارچ کو ہٹائے جانے کے بعد نئے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی بڑھا دی گئی ، 419 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار
ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب پیر کو نو تعینات انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کو فارغ کر دے گی۔پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق علی ناصر رضوی منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے علی ناصر رضوی کو 29 مارچ کو ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی جگہ وفاقی دارالحکومت کے لیے نیا آئی جی پی تعینات کیا تھا۔علی ناصر رضوی کی بطور آئی جی اسلام آباد تعیناتی پر وفاق اور پنجاب حکومتوں کے درمیان رسہ کشی شروع ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلے ہی افسران کی کمی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اپنے افسران کو استعمال کرے۔ علی ناصر اس وقت ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

اس حوالے سے پنجاب حکومت نے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں پنجاب سے کسی افسر کی ضرورت پڑی تو وزیراعلیٰ پنجاب سے اجازت لینی ہوگی۔