تھر ڈ پارٹی ایکٹ منسوخی بل آزادکشمیراسمبلی میں پیش ، این ٹی ایس ، پی ایس سی سسٹم ختم ہونے کا امکان

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)آزادکشمیر حکومت نے تھر ڈ پارٹی ایکٹ کے خاتمے کا بل قانون ساز اسمبلی میں پیش کردیا جس کے بعد آزادکشمیر سے این ٹی ایس کے تحت بھرتیوں کا سسٹم ختم ہو گیا۔ وزراء اور بااثر سیاسی شخصیات کو اپنے چہیتوں کو بھرتی کرنے کا ایک بار پھر موقع مل جائے گا۔ قانون ساز اسمبلی میں وزراء کی فوج ظفر موج کی مراعات میں اضافے کا بل بھی پیش کردیا گیا تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر میں گڈگورننس کی دعویدار سرکار نے این ٹی ایس کے ذریعے سیاسی دباؤ سے آزاد اور میرٹ پر شفاف بھرتیاں کرنے کے طریقے کو ختم کرنے کیلئے تھر ڈ پارٹی ایکٹ کو ختم کرنے کا بل قانون ساز اسمبلی میں پیش کردیا بل پاس ہونے کے بعد محکمہ تعلیم سمیت تمام سرکاری محکمہ جات بھرتیوں کا پرانا نظام بحال ہو جائے گا جس کی مدد سے پڑھے لکھے نوجوانوں کا حق مار کر وزراء اور بااثر سیاسی شخصیات کو اپنے چہیتوں کو بھرتی کا اختیار مل جائے گا۔ واضح رہے کہ تھر ڈ پارٹی ایکٹ کے ذریعے این ٹی ایس لاگو کرنے کا نظام موجودہ حکومت کی اتحادی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے لایا تھا جس کے ذریعے ابتدائی طور پر محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتیاں کی جاتی رہیں جس سے آزادکشمیر کے سینکڑوں تعلیم یافتہ ہونہار نوجوان مرد و خواتین کو میرٹ پر سرکاری ملازمتیں ملیں مسلم لیگ ن ہمیشہ این ٹی ایس کا کریڈٹ لیتی رہی ہے اب اتحادی حکومت کی جانب سے اس نظام کے خاتمے کا بل پیش کئے جانے کے بعد اس بل کا حصہ بنے گی یا اپنے بنائے ہوئے قانون کا تحفظ کرے گی۔ حکومت کی جانب سے قانون ساز اسمبلی میں تھرڈ پارٹی ایکٹ کے خاتمے کا بل پیش کئے جانے پر آزادکشمیر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔