جدہ(اے بی این نیوز) جدہ میں قائم امریکی قونصل خانے کے دروازے پر فائرنگ سکیورٹی افسر ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح شخص نے امریکی قونصل خانے کے اندر گھسنے کی کوشش میں ناکامی پر سکیورٹی اہلکاروں پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں نیپالی سکیورٹی افسر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔سعودی پولیس ترجمان کے مطابق مسلح شخص کار میں سوار ہوکر جدہ گورنریٹ میں امریکن قونصلیٹ کی عمارت پہنچا ،ہاتھ میں آتشیں اسلحہ لے کر کار سے باہر نکلا ، سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حملے میں 2اہلکاروں کو معمولی زخم بھی آئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔امریکہ اور سعودی حکام نے قونصل خانے میں فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ جس کیلئے دونوں ممالک کی سیکیورٹی ایجنسیاں مل کر کام کر رہی ہیں۔ امریکی قونصل خانے میں امریکا کے یوم آزادی کی تعطیلات ہیں جو 4 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ یہ حملہ آور کا انفرادی عمل بھی ہوسکتا ہے۔اس سے قبل 2004 میں جدہ میں ہی قونصل خانے میں آتشیں اسلحے اور دھماکہ خیز مواد سے لیس 5 افراد نے حملہ کردیا تھا۔















