اسلام آباد (رضوان عباسی) شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کے حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے متعلق فیصلوں کے عمل سے خود کو الگ رکھا، جبکہ وفاقی کابینہ نے بھی وزیراعظم کی اس علیحدگی کی باضابطہ منظوری دے دی۔
دستیاب سرکاری سمری کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے چینی سے متعلق ایک اہم معاملے کو سمری کا حصہ بنایا گیا، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کے قریبی خاندان کے افراد شوگر کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ اسی تناظر میں وزیراعظم نے چینی سے متعلق فیصلوں میں ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے خود کو اس عمل سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
سمری کے پیراگراف 8 میں شامل اس تجویز کی وفاقی کابینہ سے منظوری بھی حاصل کی گئی۔ کابینہ نے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کو شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کابینہ میں پیش کرنے کا اختیار دے دیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت وزارت صنعت و پیداوار کے انچارج وزیر بھی ہیں، تاہم اس منصب پر فائز ہونے کے باوجود انہوں نے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی سے متعلق سمری کابینہ میں پیش کرنے کے عمل سے خود کو دور رکھا۔
ہارون اختر خان وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں مذکورہ پالیسی کابینہ میں پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری















