مدینہ منورہ ( اے بی این نیوز)سعودی عرب میں تاریخ و تحقیق کے معتبر ادارے کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز نے مدینہ منورہ کا ایک نادر تاریخی نقشہ جاری کردیا، جس میں ان مساجد اور تاریخی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے مختلف اوقات میں نماز ادا فرمائی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس خصوصی نقشے میں مسجد الفتح، مسجد بنی حارثہ، مسجد بنی سلمہ (مسجد قبلتین)، مسجد بنی حرام، مسجد جھینہ، مسجد بنی زریق، مسجد و مصلیٰ الغمامہ، مسجد السقیا اور مسجد بنی خدرہ سمیت دیگر تاریخی مقامات کو نمایاں کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ تاریخی نقشہ کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کی جانب سے ضیوف الرحمان کی خدمت کے پروگرام کے تحت شائع کیا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد سعودی عرب کے قومی ترقیاتی منصوبے سعودی وژن 2030 کے تحت حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے روحانی تجربے کو مزید بہتر بنانا اور انہیں اسلامی تاریخ سے متعلق مستند معلومات فراہم کرنا ہے۔
اس نادر نقشے کو سیرت نبوی ﷺ اور اسلامی تاریخ کے محققین اور طلبہ کے لیے ایک اہم تحقیقی دستاویز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے تاریخی مقامات کے جغرافیائی محل وقوع اور مدینہ منورہ کی قدیم حدود میں ان کی تقسیم کا مطالعہ کیا جاسکے گا۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد مدینہ منورہ کے تاریخی اور جغرافیائی ورثے کو محفوظ بنانا اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ان مقدس مقامات کے بارے میں مستند اور جامع معلومات فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بڑی پیش رفت، 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط















