مکہ مکرمہ(اے بی این نیوز) مکہ مکرمہ میں ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے سبب ہزاروں پاکستانی عازمین کے منیٰ نہ پہنچنے کا خدشہ ہے۔ آج مناسک حج کا پہلا دن ہے جہاں بدانتظامی کے باعث ہزاروں پاکستانی عازمین منی کی خیمہ بستی پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے منتظر ہیں، حاجیوں کو آج ظہر سے پہلے منیٰ کے خیموں میں پہنچنا ضروری ہے لیکن ہزاروں حاجیوں کا منیٰ پہنچنے سے محروم رہ جانے کا خدشہ ہے۔سعید ملک کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ گروپ آرگنائزرز کا پاکستان ہاؤس سے بار بار رابطہ ہوا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، وزیر اعظم صورتحال کا نوٹس لیں، مکتب 13 کے سرکاری حاجی منیٰ میں پریشان، عازمین کارڈ دے دئیے لیکن جگہ نہیں دی جارہی۔اطلاعات ہیں کہ ہزاروں عازمین حج اپنی اپنی عمارتوں میں پھنسے ہیں، منتظمین سے بار بار رابطہ کیا جارہا ہے مگرکوئی جواب نہیں مل رہا ہے اور پرائیویٹ حج آرگنائزر اپنے طور پر پرائیویٹ گاڑیوں کا انتظام کررہے ہیں۔















