اسلام آباد (اے بی این نیوز )روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا فرمان ’اتحاد، ایمان اور تنظیم‘ روس کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔روسی وزیر خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پاک روس دوستی اور درینہ سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سرگئی لاروف نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو سراہتے ہیں جو ہر قدم پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بین الاقوامی سطح پرپاکستان کے لیے کئے گئے اقدامات کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ’روس اور پاکستان مل کر بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے بھی خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان 75 سال سے قائم تعلقات اعتماد کی بنیاد پر استوارہیں، روس کو پاکستان سے تعلقات کے فروغ میں ہمیشہ دلچسپی رہی ہے جس کی سب سے بڑی مثال ’پاکستان میں سب سے بڑی اسٹیل مل کی تعمیر اور گڈو تھرمل پاور پلانٹ پراجیکٹ ہے۔















