کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ پوپ بینیڈکٹ 95 برس کی عمر میں چل بسے

ویٹیکن(نیوز ڈیسک ) کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ پوپ بینیڈکٹ 95 برس کی عمر میں چل بسے۔ کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ پوپ بینیڈکٹ ویٹیکن میں اپنی رہائش گاہ میں وفات پا گئے۔سابق پوپ کافی عرصے سے علیل تھے۔پوپ بینیڈکٹ نے اپنے آخری برس ویٹیکن کے اندر ایک خانقاہ میں گزارے۔ بدھ کو پوپ فرانسس نے سال کے اپنے آخری خطاب میں لوگوں سے سابق پوپ کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی تھی۔ پوپ بینیڈکٹ نے 2005سے 2013 تک کیتھوک چرچ کی سربراہی کی جس کے بعد علالت کے باعث ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے ۔ وہ 600سال میں استعفی دینے والے پہلے پوپ تھے۔ ان سے قبل 1415 میں پوپ گریگوری 12 نے پوپ کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔ ویٹیکن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق پوپ کی میت کو دو جنوری سے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا گرجا گھر میں رکھا جائے گا جہاں لوگ ان کا دیدار کر سکیں گے۔ پانچ جنوری کو سینٹ پیٹرز سکوائر میں ان کی آخری رسومات پوپ فرانسس ادا کروائیں گے۔