اہم خبریں

مولانا فضل الرحمان کی کال پر احتجاج، کئی اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل

مولانا فضل الرحمان کی کال پر احتجاج، کئی اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج کے باعث کئی اہم شاہراہیں اور سڑکیں بند ہوگئیں، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بعض ٹول پلازوں سے تا حکم ثانی بند کردیا گیا۔

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ این 55 پر لاڑکانہ کے قریب، این 25 پر قلات میں مغلزئی چوک، این 50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ اسٹیشن، جبکہ این 5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس اور کنڈیارو کے قریب احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم ٹو پر چکری نارتھ، کیپیٹل سمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

پولیس نے بھیرہ کے مقام پر بھی سڑک بند ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا گیا کہ مذکورہ سڑک ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دی گئی ہے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے میڈیا سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر مختلف مقامات پر شاہراہیں بند کی گئی ہیں۔ جے یو آئی (ف) کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے احتجاجاً ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کردیا، جس کے بعد موٹروے پر دونوں اطراف ٹریفک معطل ہوگئی۔

پارٹی کے مطابق کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے، چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہیں، جبکہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بھی بند کردی گئی۔

جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا کہ کوئٹہ میں سبی روڈ اور لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے بھی احتجاج اور دھرنے کے باعث بند ہے۔

واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے احتجاج کی وجہ سرگودھا میں جے یو آئی (ف) کے جلسے میں مبینہ حکومتی رکاوٹوں کو قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں‌:عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ، بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

متعلقہ خبریں