اسلام آباد ( اے بی این نیوز) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق حکومت نے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے اور تین ماہ کے لیے اس میں استحکام لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تین ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ ملے گا۔ حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو بجلی کا اوسط قومی ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 تک کم ہوکر 44 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہ گیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق صنعتی بجلی کا ٹیرف بھی 62 روپے 99 پیسے سے کم ہوکر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہوگیا، یوں مارچ 2024 سے مارچ 2026 تک صنعتی بجلی کے ٹیرف میں 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔ اس عرصے میں فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ سردیوں میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باعث تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے اور بعض سرد مہینوں میں بجلی کی پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کرجاتا ہے۔
پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیا فارورڈ لکنگ میکنزم بھی تجویز کیا ہے، جس کی منظوری کے بعد نیپرا کو نئے میکنزم سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب سی پی پی اے کی جانب سے نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے، فرنس آئل سے 46 روپے 43 پیسے اور ایل این جی سے 28 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں مجموعی بجلی کی پیداوار 10 ارب 66 کروڑ کلوواٹ رہی، جبکہ نومبر میں یہ پیداوار 10 ارب 74 کروڑ کلوواٹ ریکارڈ کی گئی۔ یوں بجلی کی مجموعی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر 0.82 فیصد اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں:صوبوں کی تشکیل پر پی ٹی آئی بھی میدان میں آگئی، عمران خان کی ہدایات پر پارلیمانی پارٹی میں بحث کا فیصلہ















