واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان پابندیوں کے باوجود روس سے تیل خرید سکتا ہے،پاکستان بھی ان رعایت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جو امریکا نے دیگر ممالک کو روس سے تیل خریدنے کے لیے دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ روسی پیٹرولیم مصنوعات پر پرائس کیپ (قیمتوں کی حد) پر دستخط نہ کرنے کے باوجود پاکستان روس سے رعایتی نرخوں پر تیل خرید سکتا ہے ، پاکستان ان رعایت سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے جو امریکا نے دیگر ممالک کو روس سے تیل خریدنے کے لیے دی ہیں،ہم نے مختلف ممالک کو اس سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی ہے، حتیٰ کہ ان ممالک کو بھی جنہوں نے قیمتوں کی حد (پرائس کیپ) پر باضابطہ طور پر دستخط نہیں کیے تاکہ وہ دوسرے ممالک کے بجائے بعض صورتوں میں روس سے بڑی رعایت پر تیل خرید سکیں گے، ہم نے جان بوجھ کر روسی تیل پر پابندی عائد نہیں کی بلکہ اب یہ پرائس کیپ کا معاملہ ہے،یہ وقت روس کے ساتھ اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے کا نہیں ہے۔