ماسکو(نیوزڈیسک)روسی جلاوطن اپوزیشن رہنما الیا پانو ماریف نے حیران کن پیشگوئی کی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو رواں سال اکتوبر تک ان ہی کے قریبی ساتھی قتل کردیں گے۔امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پیش گوئی کی کہ روسی صدر پیوٹن اپنی اگلی سالگرہ پر زندہ نہیں ہوں گے، ناکام حملے پر بڑھتی ہوئی تشویش کی وجہ سے پیوٹن کو ان کی سالگرہ سے پہلے قتل کردیاجائے گا۔الیا پانو ماریف کا خیال ہے کہ پیوٹن کو بین الاقوامی عدالت میں جنگی جرائم کے مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔انہوں نے خواہش ظاہر کہ میں بھی روسی صدر کو بین الاقوامی عدالت میں دیکھنا چاہتا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایسا ہوگا نہیں ، اس سے قبل ہی ان کے قریبی ساتھیوں کی جانب سے ان کا قتل کردیا جائے گا۔















