قاہرہ(نیوز ڈیسک)مصر میں ایک اپارٹمنٹ عمارت منہدم ہونے سے چار افراد ہلاک ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی صوبہ اسیوط کے گورنرعصام سعد نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے اسیوط شہرکے قلتامحلہ میں ایک پانچ منزلہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے چار لاشیں نکالی ہیں۔اسیوط دارالحکومت قاہرہ سے قریبا 400 کلومیٹرجنوب میں واقع ہے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ امدادی کارکنوں نے دو زندہ بچ جانے والوں کو بھی نکال لیا ہے۔انھیں مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔صوبہ کے میڈیادفترنے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے ایک تیسرے زندہ بچ جانے والے شخص کو بھی ملبے سے نکال لیا ہے۔گورنر نے مزید کہا کہ حکام نے آس پاس واقع اپارٹمنٹ عمارتوں کو خالی کرا لیا ہے اورجگہ کو صاف اور محفوظ بنانے کے لیے بلڈوزر اوردیگر سازوسامان روانہ کیا ہے۔گورنرکے دفتر کی جانب سے شیئر کی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امدادی کارکن ملبے کو ہٹانے اورعمارت کے کھنڈرات کے ذریعے کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آخری اطلاعات تک امدادی ٹیمیں ملبہ اٹھانے کے لیے بلڈوزر اور کھدائی کرنے والی مشینوں کا استعمال کرتے ہوئے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کررہی تھیں۔















